لندن،29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد بھی برطانیہ کو یورپی یونین سے منہ نہیں موڑنا چاہیے۔برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہو جانے کے فیصلے کے بعد یورپی اتحاد میں شامل رہنما برسلز میں دوسرے دن بھی ملاقات کر رہے ہیں تاہم اس اجلاس میں برطانیہ شامل نہیں ہو گا۔یورپی اتحاد کی 40سالہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا جب برطانیہ اس اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون یورپی اتحاد میں شامل 27دیگر ارکان برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہو جانے کے فیصلے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔برطانیہ کے یورپی اتحاد سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے یورپی یونین کے رہنماؤں سے برسلز میں ہونے والی ملاقات کے بعد کہا کہ یورپی اتحاد کے ساتھ مستقبل میں تجارت اور سکیورٹی جیسے معاملات اہم رہیں گے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ برطانوی ووٹروں کے لیے امیگریشن کا مسئلہ بہت تشویش کا باعث تھا اور برطانیہ کی یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ تک رسائی بھی بہت بڑا چیلنج ہو گی۔
دوسری جانب جرمن چانسلر چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی اتحاد برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے کا ہر صورت احترام کرے۔تاہم انگیلا میرکل اور یورپی اتحاد کے دیگر رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ برطانیہ جتنا جلد ممکن ہو یورپی یونین چھوڑنے کے اپنے منصوبوں پر عمل کرے۔یورپی اتحاد کے رہنما اس بات پر مصر ہیں کہ برطانیہ سے اس وقت تک غیر رسمی بات چیت نہیں کی جائے گی جب تک وہ باقاعدہ آرٹیکل 50کو نافذ نہیں کرتا۔انگیلا میرکل کا مزید کہنا تھا کہ اگر برطانیہ یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ آزادانہ نقل و حرکت کو ہر صورت تسلیم کرے۔جرمن چانسلر نے کہا یورپی اتحاد کے ساتھ ظہرانے پر ہونے والے ملاقات میں برطانوی ریفرینڈم میں یورپی اتحاد سے نکلنے کے فیصلے پر بہت تفصیل اور شدت سے غور کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں برطانوی ریفرینڈم میں آنے والے نتیجے پر افسوس ہوا تاہم ہم نے واضح کر دیا ہے کہ برطانیہ کو آرٹیکل 50کو نافذ کرنے کے لیے باقاعدہ بات چیت کرنے پڑے گی۔